پشاور میں امیگریشن کلیئرنس کے دوران ایف آئی اے نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے دو مسافروں کو بیرون ملک روانگی سے روک دیا۔
تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے حمزہ مختار اور محمد بدرالدین فلائٹ نمبر FZ-376 کے ذریعے تنزانیہ جا رہے تھے کہ دورانِ چیکنگ انہیں روک لیا گیا۔ ابتدائی جانچ کے بعد دونوں مسافروں کو مزید پروفائلنگ کے لیے ریفر کر دیا گیا۔
حکام کے مطابق دونوں مسافر بزنس ویزہ پر سفر کر رہے تھے تاہم وہ کسی قسم کے کاروباری دستاویزات پیش کرنے میں ناکام رہے۔ مزید تفتیش کے دوران ان کے پاس سے الیکٹریشن ٹیکنیشن کے جعلی ڈپلومہ جات برآمد ہوئے، جن پر مختلف اداروں کے جعلی اسٹیمپ اور دستخط موجود تھے۔
ایف آئی اے کے مطابق دورانِ تفتیش دونوں مسافروں نے اعتراف کیا کہ انہوں نے یہ جعلی دستاویزات ایجنٹس کے ذریعے حاصل کی تھیں
بعد ازاں دونوں کو آف لوڈ کرتے ہوئے مزید قانونی کارروائی کے لیے ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل پشاور کے حوالے کر دیا گی
حکام کا کہنا ہے کہ بیرون ملک غیر قانونی ہجرت اور جعلی دستاویزات کے استعمال کے خلاف کارروائیاں مزید سخت کی جا رہی ہیں۔





