پشاور یونیورسٹی میں بحران سنگین، ملازمین کی ہڑتال تیسرے ہفتے میں داخل

پشاور یونیورسٹی میں بحران سنگین، ملازمین کی ہڑتال تیسرے ہفتے میں داخل

پشاور یونیورسٹی کے کلاس تھری، کلاس فور اور سینیٹیشن ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن کی عدم ادائیگی کے خلاف قلم چھوڑ اور کام چھوڑ ہڑتال تیسرے ہفتے میں داخل ہو گئی ہے۔ ملازمین نے احتجاج میں مزید شدت لاتے ہوئے آج سے تالہ بندی ہڑتال کا آغاز بھی کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق احتجاج کرنے والے ملازمین نے یونیورسٹی کے مین ایڈمنسٹریشن بلاک کے سامنے جمع ہو کر شدید احتجاج کیا، جس کے بعد انہوں نے مین یونیورسٹی روڈ پر دھرنا دیتے ہوئے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے سڑک کو بند کر دیا۔

مظاہرین کا کہنا ہے کہ تنخواہوں اور پنشن کی مسلسل عدم ادائیگی کے باعث ان کے گھروں کے چولہے بجھ گئے ہیں اور وہ شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں۔ ان کا مطالبہ ہے کہ فوری طور پر واجبات کی ادائیگی کی جائے تاکہ وہ اپنا احتجاج ختم کر سکیں۔

ہڑتال اور احتجاج کے باعث یونیورسٹی کا انتظامی نظام متاثر ہوا ہے جبکہ طلبہ اور شہریوں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

Scroll to Top