پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے گیارہویں سیزن کے 31ویں میچ میں پشاور زلمی کے نوجوان فاسٹ باؤلر علی رضا نے کراچی کنگز کے خلاف شاندار ہیٹ ٹرک مکمل کر لی ہے۔
علی رضا نے کراچی کنگز کی اننگز کے آخری اوور میں خوشدل شاہ، شاہد عزیز اور حسن علی کو مسلسل گیندوں پر آؤٹ کر کے یہ اعزاز حاصل کیا۔
یہ پی ایس ایل کی تاریخ کی مجموعی طور پر ساتویں ہیٹ ٹرک ہے، اس سے قبل محمد عامر، جنید خان اور عباس آفریدی سمیت دیگر باؤلرز یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔
کامیابی کے بعد گفتگو کرتے ہوئے علی رضا نے کہا کہ وہ سینیئر باؤلرز سے سیکھتے ہیں اور اپنی اس کارکردگی کا کریڈٹ کرکٹ بورڈ اور ٹیم مینجمنٹ کو دیتے ہیں۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے اس اہم میچ میں کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو جیت کے لیے 183 رنز کا ہدف دیا ہے۔
کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنائے۔
کنگز کی جانب سے جیسن روئے 85 رنز بنا کر سب سے نمایاں رہے جبکہ اعظم خان نے 35 رنز کی اننگز کھیلی۔
دیگر بلے بازوں میں ریزا ہینڈرکس 13 جبکہ سلمان علی آغا اور خوشدل شاہ 12، 12 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
ٹاس کے موقع پر کراچی کنگز کے کپتان ڈیوڈ وارنر کا کہنا تھا کہ پچ بیٹنگ کے لیے سازگار دکھائی دے رہی ہے اس لیے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ان کی ٹیم اس وقت راؤنڈ میچز پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے اور ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے۔





