بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے بعد ایک بار پھر تیزی کا رجحان دیکھا جا رہا ہے اور قیمتیں حالیہ ہفتوں کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔
عالمی مارکیٹ میں برینٹ خام تیل کی قیمت میں 1.14 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس کے بعد فی بیرل قیمت 99 ڈالر 54 سینٹ ہوگئی ہے جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس خام تیل کی قیمت بھی 1.40 فیصد اضافے کے ساتھ 90 ڈالر 92 سینٹ فی بیرل تک جا پہنچی ہے۔
گزشتہ روز کے دوران برینٹ خام تیل میں 3.7 فیصد اور امریکی خام تیل میں 3.2 فیصد اضافہ دیکھا گیا تھا۔ ایک موقع پر برینٹ کروڈ 4.5 فیصد اضافے کے ساتھ 99.78 ڈالر اور ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ 5.3 فیصد اضافے کے ساتھ 94.36 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گیا تھا، جو حالیہ ہفتوں میں ایک دن کے اندر ہونے والے سب سے بڑے اضافے میں سے ایک ہے۔
معاشی ماہرین کے مطابق قیمتوں میں یہ اچانک تیزی نئی فوجی کشیدگی اور سفارتی کوششوں میں تعطل کے باعث سپلائی میں خلل کے خدشات کی وجہ سے پیدا ہوئی ہے۔





