اسلام آباد: ہائر ایجوکیشن کمیشن (HEC) نے ملک بھر میں طلبہ کی سائنسی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور انہیں فروغ دینے کے لیے ایک ملک گیر ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اس پروگرام کے تحت پاکستان بھر کے طلبہ کے درمیان مختلف سائنسی مقابلے منعقد کیے جائیں گے تاکہ باصلاحیت نوجوانوں کی نشاندہی کی جا سکے۔
کامیاب امیدواروں کو مکمل فنڈڈ تربیت فراہم کی جائے گی جبکہ انہیں بین الاقوامی سائنس اولمپیاڈز میں پاکستان کی نمائندگی کا موقع بھی دیا جائے گا۔
پروگرام کے تحت نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ کو اہم تعلیمی مراعات بھی دی جائیں گی۔ اس میں پاکستان انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ اپلائیڈ سائنسز (PIEAS) اور انسٹیٹیوٹ آف اسپیس ٹیکنالوجی (IST) میں بغیر داخلہ امتحان کے مفت تعلیم کا موقع شامل ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ایران کے ساتھ سیز فائر پر کوئی ڈیڈ لائن مقرر نہیں، فیصلہ صدر ٹرمپ کریں گے، وائٹ ہاؤس
مزید بتایا گیا ہے کہ منتخب طلبہ کو سو فیصد تک فیس معافی، ماہانہ وظائف اور پانچ لاکھ روپے سے زائد کے نقد انعامات بھی دیے جائیں گے تاکہ طلبہ کی حوصلہ افزائی کی جا سکے۔
دلچسپی رکھنے والے طلبہ اس پروگرام کے لیے 30 مئی 2026 تک درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں۔ ایچ ای سی حکام کے مطابق یہ اقدام ملک میں سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبے میں نوجوانوں کی صلاحیتوں کو عالمی معیار تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔





