سی سی پی او پشاور کا بڑا اقدام، شہریوں کے لیے ڈی آر سی دفتر فعال

پشاور: کیپٹل سٹی پولیس پشاور کے سربراہ ڈاکٹر میاں سعید احمد نے تھانہ داودزئی میں ڈسٹرکٹ ریذولوشن کمیٹی (ڈی آر سی) کے دفتر کا باقاعدہ افتتاح کر دیا ہے، جسے مقامی سطح پر انصاف کی فراہمی کے نظام میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

افتتاحی تقریب میں ایس پی رورل ڈویژن حامد احسان وڑائچ، ڈی ایس پی خزانہ سرکل انعام اللہ خان، ایس ایچ او تھانہ داودزئی نعمان خان اور چیئرمین ڈی آر سی حاجی عابد اقبال خان سمیت دیگر ممبران اور مقامی عمائدین نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر میاں سعید احمد نے کہا کہ داودزئی کے عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے ڈی آر سی کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ ان کے مطابق ان کمیٹیوں کا بنیادی مقصد شہریوں کو بلا معاوضہ، شفاف اور فوری انصاف کی فراہمی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈی آر سیز میں علاقے کے بااعتماد اور معزز افراد شامل ہوتے ہیں جو جائیداد، مالی لین دین، گھریلو تنازعات اور دیگر معاملات کو باہمی رضامندی سے حل کرتے ہیں، جس سے عدالتوں پر بوجھ کم ہوتا ہے اور عوام کو دہلیز پر انصاف ملتا ہے۔

چیئرمین ڈی آر سی اور ممبران نے پولیس حکام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کچھ تجاویز پیش کیں جن پر فوری عملدرآمد کی ہدایت بھی جاری کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں : ہر کھلاڑی اہم ہے، صرف ایک پر انحصار نہیں، فاسٹ بولر محمد علی

ڈاکٹر میاں سعید احمد نے کہا کہ آئندہ محرم الحرام کے پیش نظر بعض درخواستوں کو فوری انصاف کے لیے ڈی آر سیز کے ذریعے نمٹایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پشاور میں قائم ڈی آر سیز پہلے ہی عوام کو سستا اور فوری انصاف فراہم کر رہی ہیں اور انہیں مزید فعال بنایا جا رہا ہے۔

بعد ازاں سی سی پی او نے تھانہ داودزئی کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے سیکیورٹی انتظامات، ریکارڈ، مال خانہ، رہائشی بیرکس اور حوالات کا معائنہ کیا۔ ریکارڈ کی بہتر دیکھ بھال اور سرکاری امور کی مؤثر انجام دہی پر بعض اہلکاروں کو نقد انعامات سے بھی نوازا گیا۔

Scroll to Top