سولر صارفین کے لئےاہم وضاحت جاری

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے سولر صارفین سے متعلق ایک اہم وضاحت جاری کرتے ہوئے آف گرڈ اور آن گرڈ صارفین کے لیے الگ الگ قواعد و ضوابط واضح کر دیے ہیں۔

نیپرا کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ایسے صارفین جو آف گرڈ سولر سسٹم استعمال کر رہے ہیں اور جن کا بجلی کا نظام قومی گرڈ سے منسلک نہیں ہے، وہ نیپرا کے قواعد و ضوابط سے آزاد ہیں۔ ان صارفین کے لیے کسی قسم کا لائسنس لینا ضروری نہیں ہے اور نہ ہی مستقبل میں ایسی کوئی تجویز زیر غور ہے۔

تاہم، نیشنل گرڈ سے منسلک صارفین کے لیے ضابطے تبدیل کر دیے گئے ہیں۔ نیٹ میٹرنگ اور نیٹ بلنگ کی سہولت استعمال کرنے والے تمام صارفین کے لیے اب لائسنس حاصل کرنا قانونی تقاضا ہوگا۔

حکام نے واضح کیا ہے کہ پہلے صرف 25 کلو واٹ سے زائد لوڈ والے صارفین کے لیے نیپرا لائسنس ضروری تھا، لیکن اب 25 کلو واٹ یا اس سے کم لوڈ والے صارفین کو بھی اس دائرہ کار میں شامل کر لیا گیا ہے۔

نئے قواعد کے تحت ان صارفین کے لیے ایک ہزار روپے فی کلو واٹ کے حساب سے فیس بھی مقرر کر دی گئی ہے۔ اس سے قبل 25 کلو واٹ تک کے صارفین کو صرف متعلقہ ڈسٹری بیوشن کمپنی (ڈیسکو) سے منظوری لینا ہوتی تھی اور اس پر کوئی اضافی فیس وصول نہیں کی جاتی تھی۔

نیپرا حکام کا موقف ہے کہ اس نئے نظام کا مقصد ملک میں سولر انرجی کے شعبے کو باقاعدہ منظم اور ریگولیٹ کرنا ہے۔

Scroll to Top