ملک کے بیشتر علاقوں میں اتوار کے روز موسم خشک اور گرم رہنے کا امکان ہے جبکہ گلگت بلتستان، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور اس کے گردونواح میں موسم گرم رہے گا اور یہاں دن کا درجہ حرارت معمول سے 3 سے 5 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کی توقع ہے۔
اسی طرح خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم خشک رہے گا تاہم میدانی علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے 2 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھ سکتا ہے۔
پنجاب کے اکثر اضلاع میں موسم گرمی کی لپیٹ میں رہے گا اور مری و گلیات جیسے علاقوں میں بھی موسم خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ صوبے کے وسطی اور جنوبی میدانی اضلاع میں پارہ معمول سے 3 سے 5 ڈگری سینٹی گریڈ تک اوپر جا سکتا ہے۔
سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم شدید گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے اور بالائی علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے 2 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ تک زیادہ رہے گا۔ بلوچستان کے شمال مشرقی اور جنوبی اضلاع میں بھی گرمی کی شدت معمول سے 2 سے 4 ڈگری زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم مجموعی طور پر خشک رہے گا۔
آج ریکارڈ کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں سب سے زیادہ گرمی شہید بینظیر آباد میں محسوس کی گئی جہاں درجہ حرارت 46 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا، جبکہ سبی اور مٹھی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔





