اسلام آباد: نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں سرینا ہوٹل اور ریڈ زون کے اطراف ٹریفک سے متعلق عائد پابندیاں ختم کر دی گئی ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ سرینا ہوٹل اور ریڈ زون کے اطراف ٹریفک پابندیاں آج ختم کر دی گئی ہیں۔
اسلام آباد میں سیرینا ہوٹل اور ریڈ زون کے اطراف ٹریفک پابندیاں آج ختم ہو گیئ ہیں۔ میں اہلِ پاکستان—بالخصوص اسلام آباد اور راولپنڈی کے شہریوں— کے صبر اور تعاون پر دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔
آپ کی حمایت ہمیں اپنے مہمانوں کی حفاظت کو یقینی بنانے اور خطے میں امن کے لیے…
— Ishaq Dar (@MIshaqDar50) April 26, 2026
انہوں نے شہریوں خصوصاً اسلام آباد اور راولپنڈی کے عوام کے صبر اور تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عوامی تعاون کے باعث مہمانوں کی حفاظت اور خطے میں امن کے لیے اقدامات کو آگے بڑھانے میں مدد ملی۔
ادھر سیکیورٹی صورتحال میں بہتری کے بعد راولپنڈی میں ایک ہفتے سے زائد عرصے سے بند جنرل بس اسٹینڈ پیرودھائی سمیت پبلک ٹرانسپورٹ اڈے بھی کھول دیے گئے ہیں۔
حکام کے مطابق ایران-امریکا جنگ بندی اور امن مذاکرات سے متعلق سیکیورٹی انتظامات کے باعث جڑواں شہروں میں پبلک ٹرانسپورٹ اور گڈز ٹرانسپورٹ کو عارضی طور پر بند کیا گیا تھا۔
بعد ازاں مذاکرات کے دوسرے مرحلے کے بعد ہفتے کی شب آمد و رفت کی جزوی اجازت دے دی گئی تھی، جبکہ پیرودھائی بس ٹرمینل سمیت دیگر اڈوں کو پیر کی صبح مکمل طور پر کھولنے کا اعلان کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا پشاور کے لیے بڑے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان
انتظامیہ کے مطابق اتوار کی رات وی وی آئی پی موومنٹ مکمل ہونے کے بعد رات گئے ہی بس ٹرمینل کھولنے کے احکامات جاری کر دیے گئے، جس کے بعد اڈہ بحال کر دیا گیا۔
ٹرانسپورٹ یونین کے عہدیداران نے بھی ٹرانسپورٹرز کو اڈے کھلنے سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے گاڑیوں کی واپسی اور آپریشن بحال کرنے کی ہدایت جاری کی۔
ملک شہباز جنرل سیکرٹری پاکستان ٹرانسپورٹ اونرز ویلفیئر ایسوسی ایشن نے ٹرانسپورٹ اور اڈوں کی بحالی کو خوش آئند قرار دیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ٹریفک اور ٹرانسپورٹ کی مکمل بحالی سے جڑواں شہروں میں معمولات زندگی تیزی سے معمول پر آ رہے ہیں۔





