صوبائی حکومت کی نااہلی! سیلاب سے متاثرہ سکول کی بحالی نہ ہونے پر طلبہ کا احتجاج، پاک افغان شاہراہ بند

صوبائی حکومت کی نااہلی! سیلاب سے متاثرہ سکول کی بحالی نہ ہونے پر طلبہ کا احتجاج، پاک افغان شاہراہ بند

لنڈی کوتل میں سیلاب سے متاثرہ سکول کی بحالی میں تاخیر کے خلاف طلبہ سڑکوں پر نکل آئے اور احتجاجاً پاک افغان شاہراہ کو ہر قسم کی آمدورفت کے لیے بند کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق گورنمنٹ ہائی سکول زین تارا زخہ خیل کے طلبہ نے سکول کی تباہ شدہ عمارت کی تعمیر نو نہ ہونے پر شدید احتجاج کیا۔ طلبہ کا کہنا تھا کہ حالیہ سیلاب کے باعث سکول کے سات کمرے اور واش رومز مکمل طور پر تباہ ہو چکے ہیں، جس کے باعث وہ کھلے آسمان تلے تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں۔

مظاہرین کے مطابق انہوں نے متعدد بار محکمہ تعلیم کو درخواستیں دیں، تاہم تاحال کوئی عملی اقدام نہیں اٹھایا گیا، جس کے باعث انہیں احتجاج کا راستہ اختیار کرنا پڑا۔ طلبہ نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر سکول کی عمارت کی تعمیر نو کی جائے تاکہ شدید گرمی اور بارش کے دوران پیش آنے والی مشکلات کا خاتمہ ہو سکے۔

بعد ازاں ایس ایچ او لنڈی کوتل، عشرت علی شینواری کی یقین دہانی پر طلبہ نے پرامن طور پر احتجاج ختم کرتے ہوئے شاہراہ کو ٹریفک کے لیے کھول دیا۔ ایس ایچ او نے متعلقہ محکمہ تعلیم کے حکام کو صورتحال سے آگاہ کر دیا۔

دوسری جانب مقامی عوام نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا، متعلقہ اراکین اسمبلی اور محکمہ تعلیم کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ طلبہ کے تعلیمی مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئے فوری اقدامات کیے جائیں اور سکول کی عمارت کی جلد از جلد تعمیر نو یقینی بنائی جائے تاکہ طلبہ ایک محفوظ اور بہتر تعلیمی ماحول میں اپنی تعلیم جاری رکھ سکیں۔

Scroll to Top