سوات میں دل دہلا دینے والا واقعہ، ماں اور دوسرے شوہر نے 3 سالہ بیٹی کو قتل کر دیا،مقدمہ درج ۔
سوات میں انسانیت کو شرما دینے والا افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے جہاں مبینہ طور پر ایک ماں نے اپنے دوسرے شوہر کے ساتھ مل کر اپنی تین سالہ معصوم بیٹی کو قتل کر دیا۔
پولیس کے مطابق خاتون عذرا نے پہلے شوہر سے طلاق کے بعد انعام اللہ سے شادی کی تھی، اور دونوں مبینہ طور پر جرائم کی سرگرمیوں میں ملوث تھے۔ حکام کے مطابق بچی ان کے غیر قانونی کاموں میں رکاوٹ بن رہی تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر ملزمان کو موٹر سائیکل چوری کے کیس میں گرفتار کیا گیا، تاہم تفتیش کے دوران انہوں نے تین سالہ بچی کے قتل کا بھی اعتراف کر لیا۔
ایس پی شوکت خان کے مطابق ملزمان نے بچی کو ایک ہوٹل کے کمرے میں قتل کیا اور بعد ازاں اس کی لاش کو پہاڑی علاقے میں دفن کر دیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان آئس کے نشے کے عادی بھی تھے اور ان کے قبضے سے چوری شدہ 14 موٹر سائیکلیں برآمد کر لی گئی ہیں۔
واقعے نے علاقے میں شدید غم و غصے کی لہر دوڑا دی ہے جبکہ پولیس مزید تفتیش جاری رکھے ہوئے ہے۔





