پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے 28 اپریل کو نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جانے والے اہم کوالیفائر میچ کے لیے ٹکٹوں کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔
شائقینِ کرکٹ کے جوش و خروش کو مدنظر رکھتے ہوئے پی سی بی نے ٹکٹوں کی قیمت انتہائی کم رکھنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت اسٹیڈیم کے ہر انکلوژر کے لیے ٹکٹ کی قیمت محض 500 روپے مقرر کی گئی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ مداح اسٹیڈیم آکر میچ دیکھ سکیں۔
پی سی بی کے مطابق شائقین کرکٹ کوالیفائر میچ کے لیے ای-ٹکٹس (E-Tickets) آج رات سے پی سی بی کی سرکاری ویب سائٹ سے آن لائن خرید سکتے ہیں۔ ای-ٹکٹ رکھنے والے فینز کو یہ سہولت دی گئی ہے کہ وہ اسٹیڈیم میں داخلے کے لیے موبائل فون پر ٹکٹ اسکین کروا سکتے ہیں یا اس کا پرنٹ دکھا کر بھی داخلہ حاصل کر سکتے ہیں۔
وہ شائقین جو فزیکل ٹکٹ خریدنا چاہتے ہیں، وہ کل صبح سے کراچی میں نیشنل بینک اسٹیڈیم کے بالمقابل چائنہ گراؤنڈ میں قائم ٹی سی ایس باکس آفس سے ٹکٹس حاصل کر سکیں گے۔
کراچی کے کوالیفائر میچ کے بعد لاہور میں 29 اپریل اور یکم مئی کو شیڈول ایلیمنیٹر میچز کے لیے بھی شائقین بے تاب ہیں۔ پی سی بی کی جانب سے لاہور میں ہونے والے ان میچز کے ٹکٹوں کی تفصیلات بھی جلد جاری کیے جانے کا امکان ہے، جس کے لیے انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم کی جانب سے پلے آف میچز میں تماشائیوں کی اجازت کے بعد شائقین میں کرکٹ کا جنون دوبارہ عروج پر پہنچ گیا ہے۔





