نیپرا نے چھوٹے سولر صارفین کو بڑی رعایت دیتے ہوئے 25 کلو واٹ اور اس سے کم صلاحیت کے سسٹمز پر لائسنس حاصل کرنے کی شرط مکمل طور پر ختم کر دی ہے۔
وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری کی خصوصی ہدایت پر کیے گئے اس فیصلے سے گھریلو اور چھوٹے کاروباری صارفین کو بڑی مالی و انتظامی ریلیف ملے گی۔
پاور ڈویژن کے ترجمان کے مطابق حکومت نے چھوٹے سولر صارفین کی حوصلہ افزائی کے لیے نیپرا کو باقاعدہ خط لکھ کر لائسنسنگ کا عمل ختم کرنے کی درخواست کی تھی،جس پر عملدرآمد کرتے ہوئے نیپرا نے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
اس نئی پالیسی کے تحت اب چھوٹے سولر صارفین کو نہ صرف لائسنس کے جھنجھٹ سے نجات مل گئی ہے بلکہ ان پر عائد فی کلو واٹ فیس بھی ختم کر دی گئی ہے۔
اس اقدام کا مقصد ملک میں متبادل توانائی کے استعمال کو فروغ دینا اور عام آدمی پر بجلی کے اخراجات کا بوجھ کم کرنا ہے۔





