معرکۂ حق میں کامیابی سے پاکستان دنیا میں امن کا علمبردار بن کر ابھرا، وفاقی وزیر عطا تارڑ

معرکۂ حق میں کامیابی سے پاکستان دنیا میں امن کا علمبردار بن کر ابھرا، وفاقی وزیر عطا تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ معرکۂ حق میں کامیابی کے بعد پاکستان دنیا میں امن کا علمبردار بن کر ابھرا ہے اور آج عالمی برادری پاکستانی قیادت کی معترف ہے۔

’’پاکستان کنیکٹ‘‘ کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ معرکۂ حق کی کامیابی کو ایک سال مکمل ہونے پر حقائق مزید واضح ہو چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مشرقی سرحد کے اس پار تنہائی، ناکامی اور رسوائی کے سوا کچھ نہیں، جبکہ پاکستان عالمی سطح پر مضبوط اور باوقار ریاست کے طور پر ابھر رہا ہے۔

عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ آج دنیا میں پاکستان کے سبز پاسپورٹ کی عزت میں اضافہ ہو رہا ہے اور لوگ پاکستان سے اپنے تعلق پر فخر محسوس کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے سفارتی اور عسکری دونوں محاذوں پر اپنی اہمیت منوائی ہے۔

وفاقی وزیر نے خطے کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کی کبھی مشرقی جانب سے مذمت تک نہیں کی گئی، جبکہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف فرنٹ لائن ریاست کے طور پر قربانیاں دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اے پی ایس سانحہ ہو یا دیگر واقعات، پاکستانی قوم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے شمار قربانیاں دی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر پہلگام واقعے پر تشویش کا اظہار کیا اور شواہد طلب کیے، تاہم بھارت کی جانب سے کوئی ثبوت پیش نہیں کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت دہشت گردی کو فروغ دیتا ہے جبکہ پاکستان اس کا بھرپور مقابلہ کر رہا ہے۔

عطا تارڑ نے کہا کہ پاکستان نے ماضی میں بھی اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا، اور کلبھوشن یادیو اور ابھی نندن جیسے کیسز اس کی مثال ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ عالمی سطح پر سکھ برادری کے خلاف واقعات امریکا اور کینیڈا تک پہنچ چکے ہیں، جس پر تشویش پائی جاتی ہے۔

سوشل میڈیا پر نوجوانوں کے کردار کو سراہتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستانی نوجوانوں نے جنگی حالات میں ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارتی میڈیا کا چہرہ بے نقاب کیا اور دنیا کے سامنے پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ جب بھارتی اقدامات کے تحت پاکستانی یوٹیوب چینلز بند کیے گئے تو نوجوانوں نے قومی نغموں اور مثبت مواد کے ذریعے مؤثر جواب دیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان عالمی امن کے قیام کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی کوششیں تیز کرے گا۔

Scroll to Top