نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے مختلف حصوں میں بارش اور ژالہ باری کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
اسلام آباد، لاہور، فیصل آباد، ساہیوال اور مری سمیت مختلف شہروں میں بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی کی گئی ہے جبکہ پشاور، سوات، مانسہرہ، چترال اور ایبٹ آباد میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے باعث گلیشیئرز پگھلنے، جھیلیں پھٹنے اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات میں اضافہ ہو گیا ہے۔
خصوصاً 2 سے 5 مئی کے دوران گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کا بھی امکان ہے۔
ادارے نے نشیبی علاقوں کے رہائشیوں کو محتاط رہنے، غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور سیلابی پانی سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے جبکہ مویشیوں اور قیمتی سامان کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی بھی تاکید کی گئی ہے۔
اعلامیے کے مطابق بارش اور آندھی کے باعث حد نگاہ میں کمی اور سڑکیں پھسلن کا شکار ہو سکتی ہیں، جس کے پیشِ نظر ڈرائیورز کو خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات مکمل کرنے کے احکامات بھی جاری کر دیئے ہیں۔





