پاکستان تحریک انصاف کے اراکینِ پارلیمنٹ شدید تذبذب کا شکار ہیں اور انہوں نے پارٹی قیادت سمیت محمود خان اچکزئی سے متعلق اپنے تحفظات کا اظہار شروع کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق رمضان المبارک کے بعد سے اب تک پارلیمانی پارٹی کا کوئی اجلاس نہیں بلایا جا سکا، جبکہ آخری اجلاس رمضان سے ایک دن قبل منعقد ہوا تھا۔
اراکینِ پارلیمنٹ کا شکوہ ہے کہ اپوزیشن اتحاد کے سربراہ محمود خان اچکزئی اراکینِ قومی اسمبلی کی بات نہیں مان رہے، جبکہ پی ٹی آئی اپوزیشن لیڈران کے پاس بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے بھی کوئی واضح حکمت عملی موجود نہیں ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اراکین کی جانب سے بار بار مطالبے کے باوجود اجلاس بلانے سے گریز کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کے اراکین پارلیمنٹ پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر پر بھی برس پڑے ہیں۔ پارلیمانی کمیٹی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ بیرسٹر گوہر کو جو ذمہ داری دی گئی تھی، وہ اسے ادا کرنے میں ناکام رہے ہیں۔
اراکین میں اس حوالے سے شدید بے چینی پائی جاتی ہے کہ قیادت اہم تنظیمی اور سیاسی معاملات پر توجہ دینے کے بجائے خاموشی اختیار کیے ہوئے ہے۔





