ایران کی جانب سے حالیہ حملوں کے بعد سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر متحدہ عرب امارات میں فضائی آپریشن عارضی طور پر معطل کر دیا گیا، تاہم صورتحال معمول پر آتے ہی دبئی ایئرپورٹ کو 45 منٹ بعد بحال کر دیا گیا۔
حکام کے مطابق دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر آپریشن بحال ہونے کے بعد بین الاقوامی پروازوں کی آمد و رفت دوبارہ شروع ہو گئی ہے، جبکہ اس دوران 12 سے زائد پروازوں کو متبادل ایئرپورٹس پر اتارا گیا۔
سیکیورٹی صورتحال کے باعث یو اے ای نے اپنے دو بڑے ہوائی اڈوں، دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور ابوظبی ایئرپورٹ پر لینڈنگ آپریشن فوری طور پر معطل کر دیے تھے، جس کے بعد درجنوں بین الاقوامی پروازیں متاثر ہوئیں۔
متاثرہ پروازوں میں سے کئی کو فضا ہی میں واپس موڑ دیا گیا جبکہ متعدد طیاروں کو قریبی ممالک کے ایئرپورٹس، جن میں سعودی عرب اور عمان شامل ہیں، کی جانب ڈائیورٹ کر دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : یو اے ای کا عرب پٹرولیم ایکسپورٹ تنظیم سے بھی علیحدگی کا اعلان
ذرائع کے مطابق کچھ طیارے جو یو اے ای کی فضائی حدود میں داخل ہو چکے تھے، انہیں بھی ہنگامی طور پر اپنا رخ تبدیل کرنا پڑا۔
حکام کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی صورتحال کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے اور مسافروں کی حفاظت کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے۔





