وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے چارسدہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے فائرنگ کے افسوسناک واقعے میں شہید ہونے والے ممتاز عالم دین مولانا محمد ادریس کی نمازِ جنازہ میں شرکت کی۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے شہید کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی کی اور سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔
وزیر اعلیٰ سیکریٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق محمد سہیل آفریدی نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے پولیس حکام کو حکم دیا کہ اس لرزہ خیز واقعے کی جامع رپورٹ فوری طور پر پیش کی جائے۔
انہوں نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مولانا محمد ادریس کی شہادت ایک عظیم سانحہ ہے اور اس دکھ کی گھڑی میں صوبائی حکومت اور پوری قوم متاثرہ خاندان کے غم میں برابر کی شریک ہے۔
وزیر اعلیٰ نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ مولانا محمد ادریس جیسے جید عالم دین کی رحلت محض پاکستان کا نہیں بلکہ پوری امتِ مسلمہ کا مشترکہ نقصان ہے، ان کی دینی، علمی اور اصلاحی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی جو آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ثابت ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ شہادت کی خبر سن کر ان کا دل انتہائی افسردہ ہے اور وہ لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کرتے ہیں۔
دورے کے دوران وزیر اعلیٰ نے واقعے میں زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کی خیریت بھی دریافت کی اور حکام کو ہدایت جاری کی کہ زخمی اہلکاروں کو علاج معالجے کی بہترین اور فوری طبی سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ ان کی جلد صحت یابی ممکن ہو سکے۔





