عالمی مارکیٹ میں سونا مہنگا، قیمتیں آسمان کو چھونے لگیں

عالمی مارکیٹ میں سونا مہنگا، قیمتیں آسمان کو چھونے لگیں

عالمی منڈی میں سونے کی قیمتوں میں بدھ کے روز 2 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ امریکی ڈالر کی قدر میں کمی دیکھی گئی ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ اضافہ امریکی ڈالر کی کمزوری اور امریکا و ایران کے درمیان ممکنہ امن معاہدے کی امیدوں کے باعث ہوا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اسپاٹ گولڈ 2 فیصد اضافے کے بعد 4,647.09 ڈالر فی اونس تک پہنچ گیا، جبکہ امریکی گولڈ فیوچرز بھی بڑھ کر 4,658 ڈالر فی اونس ہو گئے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق خطے میں کشیدگی میں کمی اور تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ نے بھی سونے کی طلب میں اضافہ کیا ہے۔ اسی دوران امریکی ڈالر کی کمزوری نے بھی سونے کی قیمتوں کو مزید تقویت دی۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز میں جہازوں کی حفاظت کے لیے جاری آپریشن کو عارضی طور پر روک دیا گیا ہے، کیونکہ ایران کے ساتھ ممکنہ معاہدے میں پیش رفت ہو رہی ہے۔ اسی طرح امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے مطابق “آپریشن ایپک فیوری” بھی ختم کر دیا گیا ہے تاکہ مزید کشیدگی سے بچا جا سکے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر خطے میں کشیدگی دوبارہ بڑھتی ہے تو سونے کی قیمتوں میں مزید اتار چڑھاؤ دیکھنے میں آ سکتا ہے۔ سرمایہ کار اس ہفتے جاری ہونے والے امریکی روزگار کے اعداد و شمار پر بھی نظر رکھے ہوئے ہیں، جو فیڈرل ریزرو کی آئندہ مالیاتی پالیسی پر اثر انداز ہو سکتے ہیں۔

دوسری جانب دیگر قیمتی دھاتوں میں بھی اضافہ دیکھا گیا ہے، جہاں چاندی 3.4 فیصد، پلاٹینم 2.4 فیصد اور پیلیڈیم 2.6 فیصد مہنگے ہو گئے ہیں۔

Scroll to Top