ملک میں بڑھتی مہنگائی کے دوران عوام کو ایک اور دھچکا لگا ہے، جہاں آٹے کی قیمتوں میں بڑا اضافہ کر دیا گیا ہے۔ گندم کی نئی فصل آنے کے بعد آج سے آٹے کی سپلائی نئی قیمتوں کے ساتھ شروع کر دی گئی ہے، جس کے تحت کریانہ فروشوں کو مہنگے داموں آٹا فراہم کیا جا رہا ہے۔
فلور ملز ذرائع کے مطابق 10 اور 20 کلوگرام آٹے کے تھیلے اب نئی قیمتوں پر مارکیٹ میں دستیاب ہوں گے۔ حالیہ اضافے کے بعد 10 کلوگرام آٹے کا تھیلا 115 روپے مہنگا ہو کر 1020 روپے تک پہنچ گیا ہے، جبکہ 20 کلوگرام کا تھیلا 200 روپے اضافے کے بعد 2 ہزار روپے سے زائد میں فروخت کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آٹے کی قیمتوں میں اضافے کی بنیادی وجہ گندم کی قیمت میں نمایاں اضافہ ہے۔ گندم کی فی من قیمت 3 ہزار روپے سے بڑھ کر 3600 روپے ہو گئی ہے، جس کے باعث آٹے کی پیداواری لاگت میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ اس سے قبل جب گندم 3 ہزار روپے فی من دستیاب تھی تو 10 کلوگرام آٹے کا تھیلا 905 روپے اور 20 کلوگرام کا تھیلا 1810 روپے میں فروخت ہو رہا تھا۔
آٹے کی قیمتوں میں اس اضافے کے بعد عوام پر مہنگائی کا بوجھ مزید بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ قیمتوں کو کنٹرول کرنے اور عوام کو فوری ریلیف فراہم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔





