بھارت کے خلاف معرکۂ حق کی کامیابی کو ایک سال مکمل، پاک افواج کا خصوصی پیغام جاری

اسلام آباد: بھارت کے خلاف معرکۂ حق کی کامیاب کارروائی کو ایک سال مکمل ہونے پر پاک افواج کی جانب سے خصوصی پیغام جاری کیا گیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی نئی جارحیت کا جواب پہلے سے زیادہ طاقت، درستگی اور عزم کے ساتھ دیا جائے گا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق معرکۂ حق نے نہ صرف قومی اعتماد کو نئی توانائی دی بلکہ پاک فضائیہ کی جدید جنگی تیاریوں اور ٹیکنالوجی کی برتری کو بھی دنیا کے سامنے واضح کیا۔

بیان میں کہا گیا کہ پاک فضائیہ جدید صلاحیتوں اور ملٹی ڈومین آپریشنز کی بدولت مستقبل کی ایک مؤثر اور فیصلہ کن فضائی قوت کے طور پر ابھر رہی ہے۔

پاک افواج کے مطابق معرکۂ حق کے دوران دشمن نے پاکستان کی قوت اور فیصلہ کن صلاحیت کا عملی مشاہدہ کیا، اور آئندہ کسی بھی مہم جوئی کی صورت میں اس سے بھی زیادہ سخت جواب دیا جائے گا۔

بیان میں کہا گیا کہ ملٹی ڈومین آپریشنز میں مہارت نے پاک فضائیہ کو جدید جنگی تقاضوں سے ہم آہنگ ایک مؤثر فورس بنا دیا ہے، جبکہ اس دوران کیے گئے آپریشنز فضائی تاریخ میں اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت کی مثال ہیں۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاک فضائیہ کی کامیابیوں نے قوم کے اعتماد اور حب الوطنی کے جذبے کو مزید مضبوط کیا ہے۔ پاک افواج نے واضح کیا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اور اس کی دفاعی حکمت عملی ذمہ دارانہ اور پختہ اسٹریٹجک سوچ پر مبنی ہے، جس کا بنیادی مقصد خطے میں امن اور استحکام کا فروغ ہے۔

یہ بھی پڑھیں : عوام کا جوش و جذبہ عروج پر، معرکۂ حق کی کامیابی پر ملک بھر میں جشن کا سماں

بیان میں مزید کہا گیا کہ پاک افواج خطے کی بدلتی جیوپولیٹیکل صورتحال اور دشمن کی عسکری تیاریوں سے مکمل طور پر آگاہ ہیں، اور جدید ٹیکنالوجی و پیشہ ورانہ مہارت میں مسلسل سرمایہ کاری جاری ہے تاکہ مستقبل کے جنگی ماحول کے لیے مکمل تیاری یقینی بنائی جا سکے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فضائیہ نے ملک کی فضائی حدود کے دفاع میں کلیدی کردار ادا کیا، اور اس کی بروقت کارروائیاں عسکری تاریخ کا روشن باب بن چکی ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ پاک فضائیہ نے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنا کر قومی سلامتی کو ناقابلِ تسخیر بنایا۔

بیان کے اختتام پر کہا گیا کہ پاک فضائیہ اپنی پیشہ ورانہ مہارت، جدید جنگی صلاحیت اور غیر متزلزل عزم کے باعث دنیا کی نمایاں فضائی قوتوں میں شامل ہے اور آئندہ بھی قوم کے لیے فخر، طاقت اور اعتماد کی علامت بنی رہے گی۔

Scroll to Top