عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے ایگزیکٹو بورڈ نے پاکستان کے لیے مجموعی طور پر 1.29 ارب ڈالر کی منظوری دے دی ہے جس کے بعد یہ رقم چند گھنٹوں میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو منتقل کر دی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق واشنگٹن میں آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کا اہم اجلاس ہوا جس میں پاکستان کے معاشی جائزے کے بعد فنڈز کے اجرا کا فیصلہ کیا گیا۔
آئی ایم ایف کے اعلامیے کے مطابق، موجودہ قرض پروگرام (ای ایف ایف) کے تحت 1.09 ارب ڈالر کی قسط منظور کی گئی ہے، جبکہ موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیےآر ایس ایف فنڈ کے تحت مزید 20 کروڑ ڈالر کی پہلی قسط کی بھی منظوری دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان نے ستمبر 2024 میں آئی ایم ایف کے ساتھ 37 ماہ کا قرض پروگرام حاصل کیا تھا۔ اس پروگرام کی ایک ارب ڈالر کی پہلی قسط ستمبر 2024 میں ہی موصول ہوگئی تھی، جبکہ دوسری قسط مئی 2025 میں جاری کی گئی تھی۔
حالیہ منظوری کے بعد پاکستان کو ملنے والی مالی امداد سے ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری اور معاشی استحکام کی امید ظاہر کی جا رہی ہے۔





