عالمی منڈی میں سونے کی قیمتوں میں کمی، مہنگائی کے اعداد و شمار نے مارکیٹ پر دباؤ بڑھا دیا۔
عالمی منڈی میں سونے کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ امریکا میں توقع سے زیادہ مہنگائی کے اعداد و شمار سامنے آنے کے بعد شرح سود میں کمی کی امیدیں بھی کمزور پڑ گئی ہیں۔
مارکیٹ رپورٹ کے مطابق اسپاٹ گولڈ 0.3 فیصد کمی کے ساتھ تقریباً 4,702 ڈالر فی اونس کی سطح پر آ گیا، جبکہ امریکی گولڈ فیوچرز میں معمولی اضافہ دیکھا گیا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ مضبوط مہنگائی ڈیٹا کے باعث امریکی فیڈرل ریزرو کی جانب سے شرح سود میں کمی کے امکانات تقریباً ختم ہو چکے ہیں، جس کے نتیجے میں سونے کی قیمتوں پر دباؤ بڑھ گیا ہے۔
معاشی تجزیہ کار کائل روڈا کے مطابق مارکیٹ اب سال کے اختتام تک شرح سود میں اضافے کے امکان کو بھی مدنظر رکھ رہی ہے، جس کے باعث سرمایہ کار محتاط رویہ اختیار کر رہے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق اپریل میں امریکی صارفین کی مہنگائی میں گزشتہ تین برسوں کی نسبت نمایاں اضافہ ہوا، جس کے بعد سرمایہ کاروں کی نظریں آئندہ معاشی اشاریوں پر مرکوز ہو گئی ہیں۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور چینی صدر شی جن پنگ کے درمیان متوقع ملاقات بھی عالمی مارکیٹ کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے، جبکہ مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال نے بھی سرمایہ کاروں کو محتاط کر دیا ہے۔
ادھر عالمی منڈی میں چاندی کی قیمت میں معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ پلاٹینم اور پیلیڈیم کی قیمتوں میں کمی یا استحکام دیکھا گیا۔





