ممتاز پارلیمنٹیرین سینیٹر مشتاق احمد خان نے اپنی جماعت پاکستان رائٹس موومنٹ سمیت باضابطہ طور پرتحریک تحفظِ آئین پاکستان میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔
اس اہم سیاسی فیصلے کا اعلان ایک حالیہ ملاقات کے دوران کیا گیاجس میں اپوزیشن اتحاد کے سرکردہ رہنماؤں نے ان کا خیر مقدم کیا۔
اس موقع پر تحریک کے سربراہ محمود خان اچکزئی، سینیٹ میں قائدِ حزبِ اختلاف علامہ ناصر عباس، سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر اور سنی اتحاد کونسل کے قائم مقام سربراہ صاحبزادہ حسن رضا سمیت دیگر قائدین موجود تھے۔ تمام رہنماؤں نے سینیٹر مشتاق احمد خان کی شمولیت کو آئینی جدوجہد کے لیے ایک مضبوط فال ثابت ہونے قرار دیا۔
ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی، آئینی اور جمہوری صورتحال پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔ قائدین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ملک کو درپیش بحرانوں سے نکالنے کا واحد راستہ آئین کی بالادستی، پارلیمنٹ کی خودمختاری اور قانون کی حکمرانی میں پنہاں ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ تمام جمہوری قوتوں کو متحد ہو کر عوامی مینڈیٹ کے احترام کے لیے مشترکہ جدوجہد کرنی ہوگی۔
تحریک تحفظِ آئین پاکستان کے ترجمان حسین احمد یوسفزئی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اتحاد نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ ملک میں جمہوری اقدار کے تحفظ اور آئینی حقوق کی بحالی تک اپنی مہم جاری رکھیں گے اور تمام آئین پسند حلقوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنے کے لیے اپنا متحرک کردار ادا کرتے رہیں گے۔





