ناخن نہ صرف ہاتھوں کی خوبصورتی میں اضافہ کرتے ہیں بلکہ یہ انسانی صحت کے حوالے سے بھی اہم اشارے دیتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق ناخنوں کی رنگت، ساخت اور ان پر ظاہر ہونے والے نشانات جسم میں موجود مختلف بیماریوں اور غذائی کمیوں کی نشاندہی کر سکتے ہیں۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ اکثر افراد ناخنوں میں ہونے والی تبدیلیوں کو معمولی سمجھ کر نظر انداز کر دیتے ہیں، حالانکہ یہی تبدیلیاں کئی بیماریوں کی ابتدائی علامات ثابت ہو سکتی ہیں۔
ناخنوں کا زرد ہونا، سفید دھبے پڑنا، ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونا یا ان کی ساخت میں تبدیلی صحت سے متعلق مسائل کی طرف اشارہ دیتی ہے۔
ماہرین کے مطابق زرد رنگ کے ناخن خون کی کمی سمیت دیگر طبی پیچیدگیوں کی علامت ہو سکتے ہیں۔ ایسے ناخن نہ صرف بدنما دکھائی دیتے ہیں بلکہ جسم میں غذائی کمی یا کمزوری کا بھی عندیہ دیتے ہیں۔
اسی طرح ناخنوں پر سفید نشانات بننا بھی عام مسئلہ ہے جو بچوں اور بڑوں دونوں میں دیکھا جاتا ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ نشانات جسم میں زنک اور کیلشیم کی کمی کی وجہ سے ظاہر ہوتے ہیں، اس لیے متوازن غذا کا استعمال ضروری ہے۔
یہ بھی پڑھیں : برطانوی وزیراعظم کی کرسی خطرے میں، پاکستان نژاد خاتون مضبوط امیدوار کے طور پر ابھر آئیں
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ بعض افراد کے ناخن آگے سے گول اور سوجے ہوئے محسوس ہوتے ہیں۔ اس قسم کے ناخن دل اور پھیپھڑوں سے متعلق بیماریوں کی علامت سمجھے جاتے ہیں اور انہیں سنجیدگی سے لینے کی ضرورت ہوتی ہے۔
اسی طرح نیلی رنگت والے ناخن خون میں آکسیجن کی کمی کی نشاندہی کرتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق یہ کیفیت سانس کی بیماریوں یا دوران خون کے مسائل کی وجہ سے بھی پیدا ہو سکتی ہے۔
ماہرین صح نے مشورہ دیا ہے کہ اگر ناخنوں میں غیر معمولی تبدیلیاں مسلسل نظر آئیں تو فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع کیا جائے تاکہ بیماری کی بروقت تشخیص اور علاج ممکن بنایا جا سکے۔





