جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان 6 روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے ہیں۔
ترجمان اسلم غوری کے مطابق ایئرپورٹ پر علامہ راشد سومرو، قاری عثمان اور دیگر رہنماؤں نے مولانا فضل الرحمان کا پرتپاک استقبال کیا۔ دورے کے دوران مولانا آج منگھوپیر روڈ پر منعقد ہونے والی ’’وحدتِ امت کانفرنس‘‘ سے خطاب کریں گے۔
ترجمان نے بتایا کہ جے یو آئی (ف) کے سربراہ اپنے دورۂ کراچی کے دوران پیر صاحب پگارا سمیت دیگر اہم سیاسی و مذہبی شخصیات سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔ اس کے علاوہ مولانا فضل الرحمان ’’میٹ دی پریس‘‘ میں بھی میڈیا سے گفتگو کریں گے
دوسری جانب حالیہ دنوں میں مولانا فضل الرحمان حکومت کی معاشی پالیسیوں، بڑھتی مہنگائی اور پارلیمانی طرزِ عمل پر مسلسل تنقید کرتے نظر آ رہے ہیں۔
قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب میں انہوں نے کہا تھا کہ ملک میں مہنگائی کا طوفان برپا ہے، لیکن پارلیمنٹ میں اس اہم مسئلے پر سنجیدہ بحث نہیں ہو رہی۔ ان کے مطابق عوام شدید معاشی دباؤ اور مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں جبکہ حکمران زمینی حقائق سے دور دکھائی دیتے ہیں۔
مولانا فضل الرحمان نے پارلیمنٹ میں اپوزیشن کی آواز دبانے اور 18ویں ترمیم کو غیر مؤثر بنانے کی کوششوں پر بھی تشویش کا اظہار کیا تھا۔





