جمعیت علمائے اسلام (ف) کی اعلیٰ قیادت اور امیر جماعت مولانا فضل الرحمان کے قریبی حلقوں کے غیر ملکی دوروں اور مالی معاملات کے حوالے سے نئی تفصیلات منظر عام پر آ گئی ہیں۔
سامنے آنے والی سفری معلومات کے مطابق مولانا فضل الرحمان کے بھائیوں اور جماعت کے سینئر رہنماؤں کے برطانیہ اور اسپین کے دوروں پر ہونے والے بھاری اخراجات اور ان کی مالی معاونت کے ذرائع پر عوامی اور سیاسی حلقوں میں سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔
دستاویزات کے مطابق مولانا فضل الرحمان کے بھائی ضیاء الرحمان، عبید الرحمان اور جے یو آئی سندھ کے جنرل سیکرٹری راشد محمود سومرو 27 اکتوبر سے 13 نومبر 2026 تک برطانیہ کے دورے پر رہے۔
مزید معلوم ہوا ہے کہ ضیاء الرحمان اور راشد محمود سومرو نے 31 اکتوبر سے 6 نومبر کے دوران اسپین کے معروف سیاحتی شہر بارسلونا میں بھی قیام کیا، جہاں کے قیام و طعام اور سفری اخراجات کے حوالے سے شفافیت کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ لندن اور یورپ میں قیام، فضائی سفر اور دیگر اخراجات کی مبینہ مالی معاونت کے حوالے سے برطانیہ میں مقیم بعض کاروباری و سیاسی شخصیات کے نام سامنے آئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق سینیٹر دلاور خان کے صاحبزادے عدنان خان کو لندن میں اہم میزبان اور مالی معاون قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ برطانیہ میں موبائل فونز کے کاروبار سے وابستہ امجد خان کو بھی شریک میزبان بتایا گیا ہے۔
اسی تناظر میں راشد محمود سومرو کی جانب سے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ کو لکھا گیا سابقہ خط بھی دوبارہ زیر بحث آ گیا ہے، جس کے 18 نومبر 2025 کو دیے گئے جواب میں قانون کی یکساں عملداری پر زور دیا گیا تھا۔
اس معاملے کے سامنے آنے کے بعد مختلف حلقوں کی جانب سے جماعتی قیادت سے چند بنیادی وضاحتیں طلب کی جا رہی ہیں۔
اول یہ کہ لندن اور بارسلونا کے ان نجی دوروں کے تمام اخراجات کس نے اور کس مد میں برداشت کیے۔ دوم یہ کہ آیا ان اخراجات میں جماعتی فنڈز یا مدارس کے نام پر جمع کیے گئے چندے کی کوئی رقم شامل تھی یا نہیں۔ سوم یہ کہ نجی اور کاروباری شخصیات کی جانب سے مالی معاونت فراہم کرنے کے پیچھے تعلقات کی نوعیت اور مفادات کیا ہیں۔
چہارم یہ کہ کیا جے یو آئی (ف) اپنے موصول ہونے والے چندوں اور مالی معاملات کا آزادانہ آڈٹ کرانے کے لیے تیار ہے، اور پنجم یہ کہ چندہ دینے والے عوام کو مالی ریکارڈ سے آگاہ کرنے کے لیے کیا اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
سماجی و عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ان بیرونی دوروں کے اخراجات، مالی معاونت کے ذرائع اور جماعتی و مذہبی فنڈز کے استعمال کا مکمل اور قابلِ تصدیق ریکارڈ عوام کے سامنے لایا جائے۔
یہ بھی پڑھیں : عائشہ گلالئی کی جماعت الصفہ کے انٹرا پارٹی انتخابات تسلیم، الیکشن کمیشن نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا
اس کے ساتھ ہی متعلقہ تحقیقاتی اداروں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ مذہبی چندوں کے ممکنہ غیر متعلقہ استعمال اور مالی بے ضابطگیوں کے پہلوؤں کا غیر جانبدارانہ جائزہ لیا جائے تاکہ اصل حقائق واضح ہو سکیں۔





