خیبرپختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی نے پشاور کرکٹ اسٹیڈیم سے عمران خان کا نام ہٹا کر اس کا پرانا اور تاریخی نام ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم بحال کرنے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔
اس فیصلے پر عملدرآمد کے لیے متعلقہ محکمۂ کھیل کو ضروری احکامات بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر کا کہنا تھا کہ گزشتہ صوبائی حکومت نے اس میدان کی پہچان بدل کر اسے سابق وزیراعظم کے نام سے منسوب کر دیا تھا جسے اب واپس لے کر اسٹیڈیم کا اصل نام بحال کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اس اسٹیڈیم کو کسی بھی سیاسی جماعت یا ان کی اپنی پارٹی کی کسی شخصیت کے نام سے منسوب نہیں کیا جائے گا۔
سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر اپنے ایک بیان میں فیصل کریم کنڈی نے سابق حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں کرکٹ کا بے پناہ ٹیلنٹ ہونے کے باوجود گزشتہ برسوں میں کوئی نیا میدان تعمیر نہیں کیا گیا بلکہ واحد بڑے اسٹیڈیم کا نام تبدیل کرنے پر ہی اکتفا کیا گیا۔
ان کے مطابق کسی بھی عوامی مقام یا اسٹیڈیم کا نام مقامی تاریخ، ثقافتی ورثے اور کھیلوں کے لیے حقیقی خدمات انجام دینے والی شخصیات کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا ذریعہ ہونا چاہیے۔
یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے 2025 میں ارباب نیاز اسٹیڈیم کا نام تبدیل کر کے عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم رکھا تھا جس کے بعد ارباب نیاز محمد کے ورثاء اور مختلف حلقوں کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں : عائشہ گلالئی کی جماعت الصفہ کے انٹرا پارٹی انتخابات تسلیم، الیکشن کمیشن نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا
1984 میں تعمیر ہونے والے پشاور کے اس تاریخی گراؤنڈ میں تیس ہزار سے زائد شائقین کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔ تاہم امن و امان کی صورتِ حال کے سبب گزشتہ انیس سال سے یہاں کوئی بین الاقوامی مقابلہ نہیں ہو سکا اور اس وکٹ پر آخری انٹرنیشنل میچ 2006 میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے مابین کھیلا گیا تھا۔





