خیبرپختونخوا میں جوڈیشل افسران کے تقرر و تبادلے

خیبرپختونخوا میں جوڈیشل افسران کے تقرر و تبادلے

محمد اعجاز آفریدی

پشاور خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے میں 11 جوڈیشل افسران کے تبادلوں اور تعیناتیوں کا اعلامیہ جاری کر دیا ہے۔

محکمہ ہیومن ریسورس مینجمنٹ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پشاور ہائی کورٹ میں تعیناتی کے منتظر نصر اللہ خان گنڈاپور کو جج کنزیومر کورٹ پشاور، محمد نسیم کو جج لیبر کورٹ پشاور اور محمد ارشد کو جج کنزیومر کورٹ کرک تعینات کر دیا گیا ہے۔

احسان اللہ خان محسود کو جج کنزیومر کورٹ کرک کے عہدے سے فارغ کر کے واپس پشاور ہائی کورٹ رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پشاور ہائی کورٹ میں تعیناتی کے منتظر فضل ستار کو جج کنزیومر کورٹ مالاکنڈ اور ضیاء الحق کو ممبر جوڈیشل خیبر پختونخوا سروس ٹربیونل پشاور مقرر کیا گیا ہے۔

اسی طرح ممبر جوڈیشل سروس ٹربیونل پشاور مسز راشدہ بانو، جج کنزیومر کورٹ مالاکنڈ مس کلثوم اعظم اور جج لیبر کورٹ پشاور مس فرزانہ شاہد کو پشاور ہائی کورٹ بلا لیا گیا ہے۔

مزید برآں پشاور ہائی کورٹ میں تعیناتی کی منتظر نصرت ناز کو نوشہرہ میں جج اسپیشل ٹاسک سی این ایس تعینات کیا گیا ہے جبکہ بخت عالم جج لیبر کورٹ ڈی آئی خان کے عہدے پر برقرار رہیں گے۔

Scroll to Top