پاکستان نوبل امن انعام کا حقدار ہے، سابق امریکی انٹیلی جنس افسر

اقوام متحدہ کے سابق اسلحہ انسپکٹر اور امریکی میرین کور کے سابق انٹیلی جنس افسر سکاٹ رٹر نے علاقائی کشیدگی کے خاتمے کے لیے پاکستان کے سفارتی کردار کی بھرپور ستائش کرتے ہوئے اسے نوبل امن انعام کا حقدار قرار دیا ہے۔

نجی ٹی وی پروگرام میںگفتگو کرتے ہوئے سکاٹ رٹر نے کہا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان جاری بحران کے حل اور کسی بڑے بریک تھرو کے لیے اسلام آباد کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں پاکستان واحد ملک ہے جو اس بحران کو حتمی حل کی طرف لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

سکاٹ رٹر نے پاکستان کی قیادت کی جانب سے قیامِ امن کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ اس معاملے میں پاکستانی قیادت کی بصیرت کو تسلیم کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر عالمی سطح پر کوئی نوبل امن انعام کا حقیقی حقدار ہے تو وہ پاکستان کی قیادت ہے جس نے اس انتہائی ضروری مصالحتی عمل میں اپنا موثر کردار ادا کیا ہے۔

عراق میں اقوام متحدہ کے اسلحہ انسپکٹر کے طور پر خدمات انجام دینے والے رٹر، جو امریکی خارجہ پالیسی اور مشرق وسطیٰ کے امور پر گہری نظر رکھتے ہیں نے عالمی برادری پر بھی زور دیا کہ وہ اس تنازع کے بعد پاکستان کی معاشی اور سیاسی طور پر بھرپور حمایت کرے۔

Scroll to Top