پشاور: بنوں، ضلع خیبر اور باجوڑ میں پیش آنے والے مختلف دہشتگردی اور ڈرون حملوں کے واقعات پر معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقاتِ عامہ شفیع جان نے شدید ردعمل دیتے ہوئے ان واقعات کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ بنوں اور ضلع خیبر میں ڈرون حملوں کے نتیجے میں خاتون سمیت عام شہریوں کا زخمی ہونا انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔
شفیع جان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کے عوام اور سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بے شمار قربانیاں دی ہیں اور صوبائی حکومت ایسے واقعات کے سدباب کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ زخمی افراد کو ہسپتالوں میں بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ حکومت متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن معاونت فراہم کرے گی۔
انہوں نے زخمی شہریوں کی جلد صحتیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
معاون خصوصی شفیع جان نے باجوڑ میں سیکیورٹی فورسز پر دہشتگرد حملے کی بھی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید اہلکاروں کے لیے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیں : باجوڑ میں خوارج کے حملے ناکام، 9 دہشت گرد ہلاک، پاک فوج کے 4 جوان شہید
انہوں نے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی فورسز پر حملہ ایک گھناؤنا اور ناقابل برداشت فعل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خلاف پوری قوم متحد ہے اور سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں قوم کا فخر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور ان کی لازوال قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔
شفیع جان نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت شہداء کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے اور زخمی اہلکاروں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے شہداء کے بلند درجات اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا بھی کی۔





