تائیوان چین کا ناقابلِ تنسیخ حصہ ہے، پاکستان ون چائنا پالیسی کی حمایت کرتا ہے، دفتر خارجہ

اسلام آباد: دفتر خارجہ نے واضح کیا ہے کہ تائیوان چین کا ناقابلِ تنسیخ حصہ ہے اور پاکستان ون چائنا پالیسی کی مکمل حمایت کرتا ہے، جبکہ ملک دنیا میں ایک ہی چین کے مؤقف پر یقین رکھتا ہے۔

جمعرات کو ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان امریکا اور چین کے درمیان رابطوں اور پیش رفت کو غور سے دیکھ رہا ہے۔

ترجمان نے ایک بار پھر مؤقف دہراتے ہوئے کہا کہ تائیوان چین کا حصہ ہے اور پاکستان کی خارجہ پالیسی اسی اصول پر مبنی ہے کہ دنیا میں ایک ہی چین موجود ہے۔

بریفنگ میں انہوں نے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان امن عمل تاحال جاری ہے اور پاکستان اس عمل میں مسلسل رابطے میں ہے اور پرامید ہے۔

یہ بھی پڑھیں : موٹر وے پر سفر کرنے والوں کے لیے اہم خبر، ایم ٹیگ نظام میں بڑی تبدیلی

ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ متحدہ عرب امارات سے پاکستانیوں کی ڈی پورٹیشن کے حوالے سے سامنے آنے والے اعداد و شمار مبالغہ آمیز ہیں، جبکہ خلیجی اور برادر ممالک کے ساتھ تعلقات طویل المدتی پالیسی اور باہمی مفادات پر مبنی ہیں۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وزیراعظم کے دورۂ روس سے متعلق حتمی اعلان مناسب وقت پر کیا جائے گا۔

Scroll to Top