قطر سے ایل این جی لے کر تیسرا بحری جہاز پاکستان پہنچ گیا ہے، جسے توانائی کے شعبے کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ شپنگ ذرائع کے مطابق یہ جہاز آبنائے ہرمز سے گزر کر کامیابی کے ساتھ پاکستان پہنچا۔
پورٹ قاسم حکام کے مطابق ’’مہزم‘‘ نامی بحری جہاز قطر کے راس لفان پورٹ سے 56 ہزار 573 میٹرک ٹن ایل این جی لے کر کراچی پہنچا، جہاں اسے آف لوڈ کیا گیا۔ یہ سلسلہ ملک میں توانائی کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے جاری ہے۔
اس سے قبل بھی قطر سے دو ایل این جی جہاز پاکستان پہنچ چکے ہیں، جن میں پہلا 30 اپریل اور دوسرا 12 مئی کو پورٹ قاسم پر لنگرانداز ہوا تھا۔ 12 مئی کو 92 ہزار 500 میٹرک ٹن ایل این جی اتارنے کا ریکارڈ بھی قائم کیا گیا تھا۔
ماہرین کے مطابق قطر سے مسلسل ایل این جی سپلائی سے ملک کی انرجی سپلائی چین مزید مستحکم ہو رہی ہے، جس کے نتیجے میں بجلی کی پیداوار میں بہتری اور پاور سیکٹر کو استحکام ملنے کی توقع ہے۔





