دوسرے ٹیسٹ میں بنگلہ دیش کی پاکستان پر گرفت مضبوط

دوسرے ٹیسٹ کے دوسرے روز کا کھیل ختم ہونے پر بنگلہ دیش نے پاکستان کے خلاف اپنی پوزیشن مضبوط کرلی۔

بنگلہ دیش نے دوسری اننگز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 110 رنز بنا لیے ہیں اور اسے پاکستان پر مجموعی طور پر 156 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔

دن کے اختتام پر نجم الحسین 13 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے، بنگلہ دیش کی جانب سے محمود الحسن نے شاندار نصف سنچری اسکور کرتے ہوئے 52 رنز بنائے، جبکہ مومن الحق 30 اور تنزید حسن 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے خرم شہزاد نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ محمد عباس نے ایک وکٹ حاصل کی۔

یہ بھی پڑھیں: ٹیسٹ مثبت آنے پرکرکٹر محمد نواز کیخلاف تحقیقات کا فیصلہ

اس سے قبل قومی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 232 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی، پاکستان کی جانب سے بابر اعظم 68 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

شان مسعود 21، سلمان آغا 21، محمد رضوان 13، آذان اویس 13، عبداللہ فضل 9 اور سعود شکیل 8 رنز بنا سکے، ساجد خان نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 28 گیندوں پر 38 رنز کی اننگز کھیلی۔

بنگلہ دیش کی بولنگ میں تیج الاسلام اور ناہید رانا نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ تسکین احمد اور مہندی حسن نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

Scroll to Top