شہزاد نوید
سوات: ضلع بھر کے مختلف علاقوں میں شدید آندھی و طوفان کے بعد تیز بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا، جس کے نتیجے میں معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہوئے۔
طوفانی ہواؤں کے باعث حاجی بابا، مین بازار، بنڑ اور دیگر متعدد علاقوں میں دیواریں گر گئیں جبکہ کئی مقامات پر درخت جڑوں سے اکھڑ گئے۔
مقامی ذرائع کے مطابق آندھی و طوفان کے باعث متعدد دکانوں اور عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ شدید موسم کی وجہ سے بجلی کی فراہمی بھی معطل ہو گئی، جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
حادثات کے دوران دو موٹرسائیکلوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ ریسکیو حکام کے مطابق مختلف واقعات میں مجموعی طور پر 12 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : مردان میں افسوسناک حادثہ، کمرے کی چھت گرنے سے میاں بیوی جاں بحق
ریسکیو ٹیموں نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور بعد ازاں انہیں قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں انہیں مزید علاج معالجے کے لیے داخل کر لیا گیا ہے۔
انتظامیہ کے مطابق طوفانی موسم کے بعد متاثرہ علاقوں میں صورتحال کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔





