بیٹ مارنا مہنگا پڑ گیا! سلمان آغا کے خلاف آئی سی سی کی بڑی کارروائی

پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان سلہٹ میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوران مڈل آرڈر بیٹر سلمان علی آغا کو آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی مہنگی پڑ گئی۔

آئی سی سی نے میچ کے دوران گراؤنڈ کے آلات کے ساتھ غیر پیشہ ورانہ رویہ اختیار کرنے پر پاکستانی کرکٹر کو تنبیہ جاری کر دی ہے۔

واقعہ اس وقت پیش آیا جب پاکستان کی دوسری اننگز کے 82 ویں اوور میں آؤٹ ہو کر پویلین واپس جاتے ہوئے سلمان علی آغا نے غصے میں اپنا بیٹ اشتہاری بورڈ پر دے مارا۔

میچ ریفری جیف کرو نے اس عمل کو آئی سی سی کے لیول ون ضابطے کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کھلاڑی کے ڈسپلنری ریکارڈ میں ایک ڈی میرٹ پوائنٹ کا اضافہ کر دیا ہے۔

رواں سال مارچ میں ڈھاکا ون ڈے کے بعد یہ گزشتہ 24 ماہ کے دوران سلمان آغا کی دوسری خلاف ورزی ہے، جس کے باعث ان کے مجموعی ڈی میرٹ پوائنٹس اب دو ہو گئے ہیں۔

پاکستانی کرکٹر نے میچ ریفری کی جانب سے عائد کی گئی سزا کو تسلیم کر لیا ہے، جس کے باعث اس کیس میں باقاعدہ سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی۔

Scroll to Top