معروف سماجی و سیاسی شخصیت میاں گل رخ علی شاہ نے پاکستان تحریک انصاف سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کر دیا ہے۔
اس حوالے سے انہوں نے وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام سے ملاقات کی جس میں سیاسی صورتحال اور علاقے کے معاملات پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔
ملاقات کے دوران میاں گل رخ علی شاہ نے مسلم لیگ ن کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے باقاعدہ طور پر ن لیگ میں شمولیت اختیار کی، سیاسی حلقے اس پیش رفت کو نوشہرہ کی مقامی سیاست میں ایک اہم تبدیلی قرار دے رہے ہیں۔
میاں گل رخ علی شاہ ایک بااثر سیاسی اور سماجی خاندان سے تعلق رکھتی ہیں، جن کے خاندان کو علاقے میں طویل عرصے سے عوامی خدمت اور سماجی سرگرمیوں کے حوالے سے پہچانا جاتا ہے، وہ خان بہادر شہزاد میر خان کی پرنواسی، میاں مخافظ شاہ کی پرپوتی اور میاں اصغر علی شاہ کی صاحبزادی ہیں۔
اس موقع پر وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے ان کی شمولیت کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن ترقی، استحکام اور عوامی خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے، موجودہ حالات میں ملک کو سیاسی استحکام اور معاشی بہتری کی ضرورت ہے تاکہ عوامی مسائل کو مؤثر انداز میں حل کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے ہمیشہ ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح کو ترجیح دی ہے اور آئندہ بھی یہی پالیسی جاری رکھی جائے گی میاں گل رخ علی شاہ نے اس موقع پر کہا کہ انہوں نے یہ فیصلہ مکمل مشاورت اور غور و فکر کے بعد کیا ہے وہ اپنے علاقے کی ترقی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے مسلم لیگ ن کے پلیٹ فارم سے بھرپور کردار ادا کریں گی۔





