پاسپورٹ بنوانا اب ہوا نہایت آسان؛ حکومت نے شہریوں کی بڑی مشکل حل کر دی

حکومت نے شہریوں کے لیے پاسپورٹ فیس کی ادائیگی کو مزید آسان، تیز اور شفاف بنانے کے لیے اہم فیصلہ کر لیا ہے جس کے تحت ملک بھر میں پاسپورٹ فیس کا مکمل غیر نقد نظام متعارف کرانے کی تیاری شروع کر دی گئی ہے۔

ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹ محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں قومی بینک، جاز کیش، ایزی پیسہ اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں پاسپورٹ فیس کی ادائیگی کو مکمل طور پر برقی نظام کے تحت لانے پر تفصیلی غور کیا گیا۔

اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کے وژن کے مطابق پاسپورٹ دفاتر میں جدید اور سہل ادائیگی نظام نافذ کیا جائے گا تاکہ شہری گھر بیٹھے یا موبائل ذرائع کے ذریعے آسانی سے فیس جمع کرا سکیں۔

حکام کے مطابق اس نظام سے شفافیت بڑھے گی اور عوام کو سرکاری دفاتر میں غیر ضروری مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔

محمد علی رندھاوا نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ غیر نقد ادائیگی کا نظام جلد از جلد مکمل طور پر فعال کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے نہ صرف عوام کو سہولت ملے گی بلکہ سرکاری معاملات میں شفافیت اور رفتار بھی بہتر ہوگی۔ اجلاس میں شریک تمام اداروں نے اس منصوبے پر مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔

یہ بھی پڑھیں : امریکا ایران کشیدگی میں کمی کے آثار؛ پاکستان اور خلیجی ممالک کی ثالثی رنگ لے آئی

دوسری جانب ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹ نے اسلام آباد کے علاقائی پاسپورٹ دفتر کا دورہ بھی کیا جہاں انہوں نے شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔

انہوں نے عوام سے ملاقات کرکے ان کے مسائل سنے اور متعلقہ افسران کو فوری حل کے احکامات جاری کیے۔

حکام کا کہنا ہے کہ حکومت پاسپورٹ دفاتر میں جدید سہولیات کے فروغ اور شہریوں کو باوقار خدمات کی فراہمی کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے تاکہ عوام کو تیز، آسان اور شفاف سہولتیں میسر آ سکیں۔

Scroll to Top