سینئر صحافی عارف یوسفزئی نے سہیل آفریدی کی جانب سے افسران کو صحافیوں کے خلاف نوٹس جاری کرنے کے حکم پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں یہ چیلنج پوری طرح قبول ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر کوئی صحافی جھوٹا الزام لگاتا ہے تو اسے ضرور نوٹس دیں، لیکن اگر بات سچی اور حقائق پر مبنی ہو تو حکومت بتائے کہ وہ اس صحافی کو کیا انعام دے گی؟ کیونکہ وہ تو کرپشن کی نشاندہی کر کے حکومت کی مدد کر رہا ہے۔
عارف یوسفزئی نے کڑی تنقید کرتے ہوئے سوال کیا کہ کیا سہیل آفریدی اتنے معصوم ہیں کہ انہیں اپنی حکومت میں جاری “بھائیوں، بھتیجوں اور ماموں چاچو کے بیٹوں” کی کہانیاں نظر نہیں آتیں؟
انہوں نے واضح کیا کہ اس قسم کے ڈائیلاگز اور دھمکیوں سے پشاور کے صحافی ڈرنے والے نہیں اور نہ ہی ان کی طبیعت پر اس کا کوئی بوجھ پڑے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم تنقید بھی کریں گے اور کرپشن کو بے نقاب بھی کریں گے۔ آپ کو، آپ کے وزراء اور سیکرٹریوں کو جتنا زور لگانا ہے لگا لیں، جس عدالت میں جانا ہے چلے جائیں، ہم اس جنگ کے لیے تیار ہیں۔





