خیبرپختونخوا میں ٹائم سکیل پالیسی میں بڑی تبدیلیاں، اساتذہ کی بھرتی گریڈ 12 کے بجائے گریڈ 14 میں کرنے کا فیصلہ

خیبرپختونخوا میں اساتذہ کے لیے ٹائم سکیل پالیسی کے تحت بھرتیوں اور ترقیوں کے نظام میں اہم تبدیلیاں متوقع ہیں جبکہ ابتدائی ہوم ورک مکمل کر لیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق مجوزہ پالیسی کے تحت پرائمری سطح پر نئی بھرتیاں گریڈ 12 کے بجائے گریڈ 14 میں کرنے کی تجویز دی گئی ہے، اس کے ساتھ ساتھ اساتذہ کی ترقیوں کے موجودہ نظام میں بھی مرحلہ وار تبدیلیوں پر غور کیا جا رہا ہے۔

تجویز کردہ فارمولے کے مطابق اساتذہ کو گریڈ 12 سے 14، پھر 14 سے 15، 15 سے 16 اور بالآخر 16 سے 17 تک مرحلہ وار ترقی دینے کا نظام متعارف کرایا جا سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: غیر رجسٹرڈ اسکولوں کیخلاف گھیرا تنگ، جرمانے اور سیلنگ کا امکان

ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ تمام ترقیاں متعلقہ اساتذہ کو انہی سکولوں میں دی جائیں گی جہاں وہ اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔

مزید بتایا گیا ہے کہ صوبائی وزیر تعلیم اور سیکرٹری تعلیم کے بیرون ملک دورے سے واپسی کے بعد اس مجوزہ پلان کو حتمی شکل دی جائے گی۔

Scroll to Top