وزیراعلی سہیل آفریدی کی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات، صوبائی حقوق سے متعلق مسائل پرمشاروت

شیرا ز احمد شیرازی
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے جے یو آئی سربراہ سے اہم ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران وزیر اعلیٰ نے شیخ ادریس کی شہادت پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان سے تعزیت کی اور مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی و دعا کی۔

ملاقات کے دوران خیبر پختونخوا میں امن و امان کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور دونوں رہنماؤں نے صوبے میں بدامنی کے بڑھتے ہوئے واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔

اس موقع پر صوبائی حقوق اور وفاق سے متعلقہ مسائل پر بھی طویل مشاورت کی گئی جس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ صوبے کے جائز حقوق کے تحفظ کے لیے مشترکہ جدوجہد ناگزیر ہے۔

بعد ازاں مولانا فضل الرحمان کی جانب سے وزیر اعلیٰ محمد سہیل آفریدی کے اعزاز میں پروقار عشائیہ دیا گیا۔

ملاقات میں صوبائی وزیر اطلاعات شفیع جان، انجینئر ضیاء الرحمان اور مولانا اسجد محمود سمیت دیگر اہم شخصیات بھی شریک تھیں۔

Scroll to Top