وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے نیٹ میٹرنگ کنکشنز کی فراہمی میں غیر معمولی تاخیر کا سخت نوٹس لے لیا ہے۔

نیٹ میٹرنگ کنکشنز سے متعلق وزیر توانائی اویس لغاری کا بڑا فیصلہ

وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے نیٹ میٹرنگ کنکشنز کی فراہمی میں غیر معمولی تاخیر کا سخت نوٹس لے لیا ہے۔

انہوں نے تمام تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کو فوری طور پر کنکشنز فراہم کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے غفلت برتنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیر توانائی کو دی گئی بریفنگ میں انکشاف ہوا کہ ملک بھر کی مختلف ڈسکوز میں نیٹ میٹرنگ کے 1355 کیسز طویل عرصے سے التوا کا شکار ہیں۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ ٹرانسفارمرز کی نیٹ میٹرنگ صارفین کے ساتھ ٹیگنگ نہ ہونا ان کیسز کے مسترد ہونے کی بڑی وجہ ہے۔

ٹرانسفارمر ٹیگنگ نہ ہونے کی وجہ سے شکایات کے حل کی مدت نیپرا کے مقررہ وقت سے کہیں زیادہ تجاوز کر چکی ہے۔ وفاقی وزیر نے اس سست روی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام بقایا کنکشنز یکم جون تک انسٹال کرنے کی حتمی ڈیڈ لائن دے دی ہے۔

اویس لغاری نے دوٹوک الفاظ میں واضح کیا ہے کہ مقررہ وقت تک ہدف پورا نہ کرنے والی ڈسکوز کے ایس ایز، ایکس ای اینز اور ایس ڈی اوز کے خلاف محکمانہ ایکشن لیا جائے گا۔ ناقص کارکردگی کے حامل افسران اور متعلقہ عملے کے بونس بھی روکنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔

Scroll to Top