اداکارہ مومنہ اقبال اور مسلم لیگ (ن) کے ایک رکنِ صوبائی اسمبلی کے درمیان مبینہ تنازع کے معاملے میں اہم پیشرفت سامنے آگئی۔
پولیس نے درخواست ابتدائی جانچ کے بعد مزید کارروائی کے لیے ایف آئی اے کے حوالے کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق مومنہ اقبال اور لیگی ایم پی اے کے درمیان مبینہ جھگڑے سے متعلق تھانہ چونگ میں درخواست جمع کروائی گئی تھی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ درخواست کا جائزہ لینے کے بعد یہ بات سامنے آئی کہ اس میں ایسا کوئی قابلِ تعزیر جرم شامل نہیں جو تھانے کے دائرہ اختیار میں آتا ہو۔
یہ بھی پڑھیں: ایم پی اے ثاقب چدھڑ اور اداکارہ مومنہ اقبال تنازع پر مریم نواز کا ردعمل
پولیس کے مطابق مبینہ تنازع اور تمام تر گفتگو ٹیلیفونک رابطوں کے ذریعے ہوئی اسی وجہ سے معاملہ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی سرکل کو بھجوا دیا گیا ہے۔
تفتیشی افسر کا کہنا ہے کہ چونکہ معاملہ الیکٹرانک یا ٹیلیفونک کمیونیکیشن سے متعلق ہے اس لیے اس کی مزید تحقیقات ایف آئی اے کے دائرہ اختیار میں آئیں گی۔
پولیس حکام نے واضح کیا ہے کہ درخواست کو داخل دفتر کرتے ہوئے متعلقہ ریکارڈ ایف آئی اے کو منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ اداکارہ مومنہ اقبال کو بھی آئندہ کارروائی کے لیے ایف آئی اے حکام سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔





