پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر صارفین کے لیے اہم اعلان کرتے ہوئے ریجن بھر میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ترجمان پیسکو کے مطابق عید کے دوران تمام فیڈرز پر 24 گھنٹے مسلسل بجلی فراہم کی جائے گی تاکہ شہری عید کی خوشیاں بلا تعطل منا سکیں
انہوں نے بتایا کہ پیسکو چیف اختر حمید خان نے عید کے دو روز کے لیے بلا تعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کی خصوصی ہدایت جاری کی ہے۔
ترجمان کے مطابق عید کے موقع پر پیسکو کا عملہ مکمل طور پر ڈیوٹی پر موجود رہے گا جبکہ بجلی کی مسلسل فراہمی کے لیے اضافی ٹرانسفارمرز، تاریں، میٹرز اور دیگر ضروری سامان بھی فراہم کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ قربانی کے جانوروں کو بجلی کے کھمبوں کے ساتھ نہ باندھا جائے اور بجلی کے غیر ضروری استعمال سے گریز کیا جائے تاکہ ہر گھر تک بلا تعطل بجلی پہنچائی جا سکے۔
کسی بھی خرابی یا ہنگامی صورتحال میں صارفین پیسکو ہیلپ لائن 118 پر مفت رابطہ کر سکتے ہیں۔





