حمد اللہ
ایبٹ آباد کے تھانہ سٹی کی حدود بانڈہ سنجلیاں میں غیرت کے نام پر ایک شخص نے اپنی بیوی کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق ملزم شاہ خالد ولد گل خان، جس کا تعلق کوہستان سے ہے اور وہ حال مقیم بانڈہ سنجلیاں تھانے گھریلو ناچاقی اور مبینہ طور پر غیرت کے نام پر اپنی بیوی مسمات شہلا پر تیز دھار آلے سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں وہ جاں بحق ہو گئی۔
واقعے کے بعد ملزم موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا جبکہ اطلاع ملتے ہی تھانہ سٹی پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر لاش کو اپنی تحویل میں لیا اور ضروری قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے لیے ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دیا۔
پولیس نے محمد تنویر ایس آئی کی مدعیت میں مفرور ملزم کے خلاف دفعہ 302 اور 311 کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کی گرفتاری کے لیے خصوصی تفتیشی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جو مختلف مقامات پر چھاپے مار رہی ہیں تاکہ اسے جلد از جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔





