عید الاضحی: صدرِ مملکت اور وزیراعظم کی قوم و امت مسلمہ کو مبارکباد

صدرِ مملکت آصگ علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے عید الاضحی کے موقع پر پوری قوم اور عالمِ اسلام کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اتحاد، قربانی، ایثار اور سماجی ہم آہنگی کو فروغ دینے پر زور دیا ہے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ عید الاضحی حضرت ابراہیمؑ اور حضرت اسماعیلؑ کی عظیم قربانی کی یاد دلاتی ہے، جو اللہ تعالیٰ کی رضا کیلئے ہر چیز قربان کرنے کے جذبے کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں صبر، تقویٰ، اخلاص اور انسانیت کی خدمت کا درس دیتا ہے۔

صدر نے کہا کہ عید الاضحی کا اصل پیغام ایثار، بھائی چارہ، محبت اور ضرورت مندوں کو اپنی خوشیوں میں شریک کرنا ہے۔

انہوں نے عوام پر زور دیا کہ قربانی کے اس مقدس موقع پر غریبوں، مسکینوں اور مستحق افراد کا خاص خیال رکھا جائے تاکہ عید کی خوشیاں ہر گھر تک پہنچ سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی ترقی، استحکام اور خوشحالی قومی اتحاد اور مشترکہ کوششوں سے ہی ممکن ہے۔ صدر مملکت نے مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کے مسلمانوں سمیت پوری امت مسلمہ کیلئے امن، اتحاد اور سلامتی کی دعا بھی کی۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ عید الاضحی اللہ تعالیٰ کی رضا کیلئے قربانی، اطاعت اور خدمت خلق کا عظیم درس دیتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سنتِ ابراہیمی ہمیں یہ پیغام دیتی ہے کہ قومی مفاد، انسانیت کی بھلائی اور کمزور طبقات کی مدد کیلئے ہر قسم کی قربانی دینی چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں : سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک میں آج عید الاضحی کی خوشیاں منائی جارہی ہیں

وزیراعظم نے کہا کہ عید الاضحی کے موقع پر ہمیں اپنے اردگرد موجود مستحق، یتیم اور نادار افراد کو خوشیوں میں شریک کرنا چاہیے تاکہ معاشرے میں بھائی چارے اور محبت کو فروغ مل سکے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت عوامی فلاح و بہبود، معاشی استحکام اور مستحق افراد کی مدد کیلئے مختلف اقدامات کررہی ہے تاکہ ہر شہری کو سہولت اور ریلیف فراہم کیا جاسکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ عالمی حالات میں قومی اتحاد، برداشت اور باہمی تعاون وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ وزیراعظم نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو امن، ترقی اور خوشحالی عطا فرمائے اور پوری امت مسلمہ کو اتفاق و اتحاد کی نعمت سے نوازے۔

عید الاضحی کے موقع پر صدر اور وزیراعظم نے قوم سے اپیل کی کہ وہ قربانی کے جذبے کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بناتے ہوئے ملک کی تعمیر و ترقی، بھائی چارے اور انسانیت کی خدمت کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔

Scroll to Top