وزیراعظم محمد شہباز شریف نے 27 مئی 2026 کو لاہور میں عیدالاضحیٰ کی نماز ادا کی، جہاں سیاسی و سماجی شخصیات کی بڑی تعداد موجود تھی۔ نمازِ عید کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے جبکہ ملک کی ترقی، استحکام اور عوامی خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

نمازِ عید کے بعد وزیراعظم نے قوم اور اُمت مسلمہ کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اعلیٰ مقصد کے لیے جان، خواہشات اور ذاتی مفادات کی قربانی ایمان کی معراج ہے، اور قربانی کا جذبہ انسانیت، ایثار اور ذمہ داری کا احساس پیدا کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عیدالاضحیٰ ہمیں سنتِ ابراہیمی، قربانی اور اطاعت خداوندی کا درس دیتی ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خلاف جان قربان کرنے والے شہدا قوم کا فخر ہیں، جبکہ عید کے موقع پر غریب، مستحق اور نادار افراد کا خاص خیال رکھنا چاہیے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ اتحاد، یگانگت اور ایثار ہی قوموں کی ترقی اور استحکام کی ضمانت ہیں۔






