نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی مارکو روبیو سے اہم ملاقات، دو طرفہ تعلقات اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال

نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے واشنگٹن میں امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کا دورہ کیا جہاں ان کی امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے انتہائی اہم ملاقات ہوئی۔

اس موقع پر امریکی وزیر خارجہ نے خطے اور عالمی سطح پر امن و استحکام کے قیام کے لیے پاکستان کی مخلصانہ سفارتی اور ثالثی کوششوں کو خصوصی طور پر سراہا۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور امریکا کے دوطرفہ تعلقات میں ہونے والی مثبت پیش رفت پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا اور عالمی و علاقائی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

فریقین نے تجارت، سرمایہ کاری، سیکیورٹی اور انسدادِ دہشت گردی سمیت باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون کو مزید ٹھوس اور مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔

اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک نے اعلیٰ سطح کے وفود کے تبادلوں اور علاقائی سلامتی و خوشحالی کے مشترکہ اہداف کی بنیاد پر پاک-امریکا شراکت داری کو مزید آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

واشنگٹن پہنچنے پر پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے نائب وزیراعظم کا استقبال کیا تھا۔

Scroll to Top