کرکٹ کے میدانوں کی پہچان “چاچا کرکٹ” کا ریٹائرمنٹ کا اعلان

پاکستان کرکٹ کے سب سے معروف اور ہردلعزیز سپورٹر صوفی عبدالجلیل، جنہیں دنیا “چاچا کرکٹ” کے نام سے جانتی ہے، نے کرکٹ کے میدانوں سے باضابطہ ریٹائرمنٹ لینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

 ایک کرکٹ ویب سائٹ کو دیے گئے انٹرویو میں انہوں نے انکشاف کیا کہ وہ پاکستان ٹیم کی سپورٹ کرتے ہوئے 500 میچز دیکھنے کا اپنا دیرینہ ہدف حاصل کر چکے ہیں اور اب وہ اس سفر کو تمام کرنا چاہتے ہیں۔

صوفی عبدالجلیل نے اپنی ریٹائرمنٹ کے بعد کے منصوبوں کے بارے میں بتایا کہ وہ اب اپنی زندگی فلاحی کاموں کے لیے وقف کرنا چاہتے ہیں۔ اس کے علاوہ ان کا ارادہ ایک ایسا میوزیم قائم کرنے کا ہے جہاں کرکٹ کی تاریخ سے وابستہ یادگار اشیا کو نمائش کے لیے رکھا جائے گا تاکہ آنے والی نسلیں ان سے مستفید ہو سکیں۔

ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے جو کچھ بھی کیا وہ صرف کھیل اور اپنے وطن پاکستان کی محبت میں کیا، اور دنیا بھر میں پاکستان کا سفیر بن کر خوشیاں بانٹنا ہی ان کا اصل مشن رہا ہے۔

اپنی طویل وابستگی کے یادگار لمحات کا ذکر کرتے ہوئے چاچا کرکٹ نے بتایا کہ شارجہ میں جاوید میانداد کا وہ تاریخی چھکا اور 2017 کی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کی فتح ان کی زندگی کے سب سے انمول اور ناقابلِ فراموش لمحات ہیں۔

چاچا کرکٹ کی ریٹائرمنٹ کی خبر نے کرکٹ شائقین کو اداس کر دیا ہے، کیونکہ وہ دہائیوں سے ہر اسٹیڈیم میں پاکستانی پرچم بلند کیے ٹیم کا حوصلہ بڑھاتے نظر آتے تھے۔

Scroll to Top