پیٹرول کے بعد عوام اور صنعتوں کے لیے ایک اور بڑی خوشخبری، جیٹ فیول اور لائٹ ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں کمی
پیٹرول کی قیمت میں حالیہ کمی کے بعد وفاقی حکومت نے عوام، صنعتوں اور ایوی ایشن سیکٹر کے لیے ایک اور بڑی خوشخبری سناتے ہوئے جیٹ فیول اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا اعلان کر دیا ہے۔
حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ہوائی جہازوں میں استعمال ہونے والے ایندھن (جیٹ فیول) کی قیمت میں 48 روپے 80 پیسے فی لیٹر کی بڑی کمی کی گئی ہے، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 283 روپے 52 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔ اس سے قبل جیٹ فیول 332 روپے 32 پیسے فی لیٹر کے حساب سے فروخت ہو رہا تھا۔
معاشی ماہرین کے مطابق جیٹ فیول کی قیمت میں کمی سے ایئرلائنز کے آپریشنل اخراجات کم ہوں گے، جس کے نتیجے میں فضائی سفر کے کرایوں میں بھی کمی کا امکان پیدا ہو گیا ہے۔ اس اقدام سے نہ صرف ایوی ایشن انڈسٹری کو فائدہ پہنچے گا بلکہ مسافروں کو بھی ریلیف ملنے کی توقع ہے۔
دوسری جانب چھوٹے کارخانوں، صنعتی یونٹس اور زرعی ٹیوب ویلوں میں استعمال ہونے والے لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں بھی 30 روپے 61 پیسے فی لیٹر کمی کر دی گئی ہے۔ کمی کے بعد لائٹ ڈیزل آئل کی نئی قیمت 244 روپے 93 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ لائٹ ڈیزل کی قیمت کم ہونے سے زرعی اور صنعتی شعبوں کے اخراجات میں کمی آئے گی، جس کے مثبت اثرات معیشت اور پیداواری لاگت پر مرتب ہو سکتے ہیں۔
حکومت کے اس فیصلے کو عوام اور کاروباری حلقوں کی جانب سے خوش آئند قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ اس سے مختلف شعبوں کو مزید ریلیف ملے گا۔





